قرآن پاک کی 750 آیات میں غور و فکر و تدبر کا درس دیا گیا ہے: مجاہد کامران
لاہور (لیڈی رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی شعبہ پنجابی کے زیر اہتمام اورینٹل کالج میں دو روزہ بین الاقوامی پنجابی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں جسٹس ریٹائرڈ افضل حیدر، عبدالرشید بھٹی، فخرزماں، ڈائریکٹر جنرل پلاک ملک محمد اشرف اعوان، چئیرمین پنجابی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر عصمت اللہ زاہد، ڈاکٹر ناہید شاہد، سردار جے تیغ سنگھ آننت، معروف صحافی و آرٹسٹ سہیل اور مدثر اقبال بٹ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ قرآن پاک کی پہلی آیت میں علم و قلم کا ذکر ہے اور قرآن پاک کی 750 آیات میںغور و فکر و تدبر کرنے کا درس دیا گیا ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ افضل حیدر نے مطالبہ کیا کہ پنجاب اسمبلی میں پنجابی زبان بولنے کے لئے قرارداد منظور کی جائے۔ فخر زماں نے کہا کہ پنجابی زبان کو فروغ دینے کے لئے نامور کتابوں کے ترجمے کئے جانے چاہئیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر نبیلہ رحمان اور کینیڈا سے سردار جے تیغ سنگھ نے کلیدی مقالے پیش کئے۔ دریں اثناءشعبہ جغرافیہ کے زیر اہتمام تین روزہ 14 ویں آل پاکستان جیو گرافیکل کانفرنس کا افتتاح سیشن الرازی ہال میں ہوا۔