آڈیو لیکس کمیشن کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواستوں کی سماعت آج ہو گی

سپریم کورٹ آج آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرے گی، چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ سماعت کرے گا۔5 رکنی بنچ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال، جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل ہے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے آڈیو لیکس کمیشن کیس کی آخری سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری حکم نامے میں اٹارنی جنرل نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے پانچ رکنی لارجر بنچ پر اعتراض کردیا ہے، ججز کیخلاف وفاق نے تحریری درخواست بھی دے دی ہے، رجسٹرار آفس وفاقی حکومت کی درخواست کو رجسٹر کرے۔سپریم کورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ آڈیو لیکس کمیشن کے جواب پر فریقین جواب جمع کرا سکتے ہیں۔