اسلم اقبال کی اینٹی کرپشن انکوائری روکنے‘ ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواستوں کو یکجا کر کے 26 جون کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی اینٹی کرپشن انکوائری روکنے اور ممکنہ گرفتاری کے خلاف دائر دونوں درخواستیں یکجا کر کے 26 جون کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار کو کیسوں کی تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں۔ میاں اسلم اقبال کی درخواست نمٹا دی جائے، عدالت نے استفسار کیا کہ میاں اسلم اقبال کدھر ہیں؟ وکیل نے کہا میاں اسلم اقبال سے رابطہ نہیں ہورہا ہے، سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کے خلاف درج ایک مقدمہ خارج ہو چکا ہے، درخواست گزار وکیل جواد ظفر نے مؤقف اختیار کیا کہ اینٹی کرپشن نے ابھی تک رپورٹ جمع نہیں کرائی، ملزم کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں نہ وہ کسی مقدمہ میں ملوث ہے۔