سی آئی اے سٹاف جڑانوالہ کی حراست سے 2 خطرناک ڈاکو فرار
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سی آئی اے سٹاف جڑانوالہ کی حراست سے دو خطرناک ڈاکو فرار ہو گئے۔ ڈیوٹی میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق سی آئی اے سٹاف جڑانوالہ کا اے ایس آئی کاشف اور کانسٹیبل راشد زیر حراست ڈکیتی کے ملزمان خادم حسین اور تھراج سکنہ 629 گ ب کو برآمدگی کے لیے لے کر جا رہے تھے کہ راستے میں مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی ملی بھگت سے دونوں ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سی پی او فیصل آباد کے حکم پر تھانہ کھرڑیانوالہ پولیس نے سی ائی اے سٹاف جڑانوالہ کے سب انسپکٹر الیاس بیگ کی مدعیت میں اے ایس آئی کاشف اور کانسٹیبل راشد کے خلاف مقدمہ درج کر کے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔