مراد اکبر کی بازیابی درخواست ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے فائل چیف جسٹس کو بھجوادی
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر کی بازیابی درخواست میں فائل چیف جسٹس کو بھجواتے ہوئے کہاہے کہ چیف جسٹس کو اس کیس کی فائل بھجوا رہے ہیں، ڈویژن بنچ میں بھی اسی طرح کے کیسز زیر التوا ہیں۔گذشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کی عدالت نمبر2میں سماعت کے بعد اوپن کورٹ میں حکم لکھواتے ہوئے عدالت نے کہاکہ مراد اکبر کے اغوا اور پولیس کی وردی استعمال ہونے کے کیسز میں تفتیشی قانون کے مطابق کاروائی کرے،مراد اکبر کو اٹھانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا،مراد اکبر کی بازیابی کے لیے آئی جی اسلام آباد تحقیقات کروا رہے ہیں،ویڈیو کلپ سے معلوم ہوتا ہے پولیس کی وردی استعمال ہوئی،ویڈیو کلپ کے مطابق رینجر کی وردی استعمال نہیں ہوئی،دانیال اکبر اپنا بیان تفتیشی کو جمع کرائیں ویڈیو کلپ کی کاپی تفتیشی افسر کو فراہم کریں۔قبل ازیں عدالت نے سماعت کی کوریج پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہاکہ سماعت کی کوریج اور جج کانام چلانے پر توہین عدالت کاروائی کی جائے گی،عدالت نے ہدایت کی کہ صرف عدالت کاحکم نامہ چلایاجائے۔