شہریوں کی سہولت کیلئے نیا ڈرائیونگ سنٹر قائم کیا جائے گا:شیخ فیصل ایوب

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ فیصل ایوب نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس کے تعاون سے نیا ڈرائیونگ سنٹر قائم کیا جائے گا۔اس سنٹر کے قیام کیلئے ورکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے بہت جلد سینئرز کی مشاورت سے اس سنٹر کا قیام عمل میں لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے مطابق وہ تمام افراد جو شناختی کارڈ رکھتے ہیں انہیں فوری ڈرائیونگ لائسنس کا اجراءکیا جائے گا لائسنس کے اجرائ کیلئے محکمہ 24گھنٹے اپنی خدمات مہیا کریگا جو بڑی خوش آئندہ بات ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف ٹریفک آفیسر میاں سہیل فاضل کے ساتھ ماہانہ میٹنگ میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سینئرنائب صدر حمیس گلزار مغل،سابق صدر اخلاق احمد بٹ،سابق سینئرنائب صدر عرفان سہیل،سابق نائب صدر شیخ قیصر امین ودیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔سہیل فاضل چیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس ہر شہری کا بنیادی حق ہے جو لازمی دیا جائے گا۔ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو نہایت آسان اور سادہ جبکہ میڈیکل کے حصول میں بھی مزید آسانی کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لائسنس کے اجراءکیلئے محکمہ شہر کی تمام فیکٹریوں،یونیورسٹیوں اور کالجز،تجارتی مراکز میں ڈرائنونگ لائسنس کی سہولت مہیا کریگا۔انہوں نے کہا کہ لائسنس کے حصول کیلئے ضلع اور صوبہ کی شرائط بھی ختم کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ چیمبر کیساتھ ماہانہ کی بنیاد پر میٹنگز کی جا رہی ہیں تاکہ باہمی مشاورت سے ٹریفک کے مسائل پر تبادلہ خیال کر کے اقدامات اٹھائے جائیں۔گوجرانوالہ چیمبر نے نئے ڈرائیونگ سنٹر کے قیام کی یقین دہانی کرائی ہے بلاشبہ اس سے شہریوں کو لائسنس کے حصول میں مزید آسانی میسر آئے گی۔انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے میں محکمہ کی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔