عوام وبا سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنائیں: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے مزید 40 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 1353 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ وزیراعلی ہائوس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 7377 ٹیسٹ کئے گئے جن سے1353 نئے کیسز کا پتہ چلا۔ حکومت نے 215860 ٹیسٹ کروائے ہیں جن کے نتیجے میں34889 کیسز کی تشخیص مثبت آئی ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 مزید مریضوں کی اموات ہوئی۔ سندھ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 615 ہوگئی ہے جو 1.7 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا 19 مارچ کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر 40 افراد کی اموات سب سے بڑی تعداد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت 370 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں 62 مریضوں کووینٹیلیٹر پر رکھا گیا ہے۔ وزیر اعلی سندھ کے مطابق اس وقت 16487 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 15156 گھروں میں آئسولیٹ ، 76 قرنطینہ مراکز میں اور 1255 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ وزیراعلی سندھ نے ایک بار پھر سندھ کے عوام پر زور دیا کہ وہ محتاط رہیں اور کورونا وائرس وبا سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر کو اپنائیں۔