غصہ کی وجہ سے گھر اجڑ جاتے ہیں ، الیاس عطارقادری
ملتان ( سماجی رپورٹر ) امیر اہلسنت محمد الیاس عطارقادری نے کہا ہے کہ مسلمان کیساتھ ہمددردی کرنا چاہئے،ہر شخص کو چاہئے کہ مسلمان کے دکھ درد کو بانٹیں،اگر کسی نے آپ کو نامناسب جواب دے دیا تو اس پر آپ صبر کرلیں ،آپ کی بات بھی کسی کو ناگوار گزرتی ہوگی اور وہ صبر کرتا ہوگا۔امیر اہلسنت نے کہا کہ اگر ہر شخص انتقام لینے کھڑا ہوجائے گا تو لوگ زندہ نہ رہ پائیں گے ،غلطیاں لوگوں سے ہوجاتی ہیں قصور معاف کردینا چاہئے اس طرح لوگ نقصان سے بچ جائیں گے ، چھوٹی چھوٹی غلطی معاف کردیں اور غصے کا گھونٹ پی لیں ،غصے کا گھونٹ پینے سے بہتر کوئی گھونٹ نہیں ،جو بدلہ لینے پر قادر ہو اور اس کے باوجود بدلہ نہ لے تو اسے اختیار دیا جائے گا کہ جنت کی جس حور کو چاہیے لے ،ظاہر ہے جسے حور ملے گی اسے جنت بھی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ غصہ پی لینے کی بہت فضلیت ہے ،اس غصہ کی وجہ سے گھر اجڑ جاتے ہیں ،لوگ غصے میں آکر فائرنگ کردیتے ہیں پھر سلاخوں کے پیچھے چلے جاتے ہیں ،لوگ غصے میں آکر طلاق دیکر اپنے گھر کو برباد کردیتے ہیں ،جس فرد پر غصہ آئے تو وہاں سے ہٹ جائیں ،تعوذ پڑھیں ،کھڑے ہیں تو بیٹھ جائیں ،بیٹھے ہیں تو لیٹ جائیں ،زمین سے چمٹ جائیں ،وضو کرلیں اس طرح غصے کا علاج کریں۔