پولیس افسران پر حملوں میں ملوث خطرناک دہشت گرد گرفتار
کراچی (این این آئی) سی ٹی ڈی پولیس کی کامیاب کاروائی کراچی میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث انتہائی خطرناک دہشت گرد کالعدم تحریک طالبان کا کمانڈر گرفتار، دستی بم برآمد ، ایڈیشنل آئی جی CTDسندھ ڈاکٹر جمیل احمد کے خصوصی ٹاسک اور ڈی آئی جی CTDعبد اللہ شیخ کی ہدایت پر ایس ایس پی ملک الطاف کی نگرانی میں انسپکٹر شاہد کریم نے CTDٹیم کے ہمراہ کامیاب کاروائی کر کے کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد جان عالم کو گرفتار کر کے قبضے سے دستی بم برآمد کر لیا۔ گرفتار دہشت گرد کراچی میں کسی دہشت گردی کی کاروائی کے لیے دستی بم تیار کر کے رکھتے تھے۔ گرفتار دہشت گرد جان عالم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ انسپکٹر شفیق تنولی پر خود کش دھماکہ کرایا اور کراچی آپریشن کے DSPڈی ایس پی بہاؤ الدین بابر سمیت کئی پولیس افسران و اہلکاروں کو شہید کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ گرفتار دہشت گرد نے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی۔ دہشت گرد جان عالم پریشر کُکر بم ، ٹینس بال بم ، اور موٹر سائیکل بم بنانے کا بھی ماہر ہے۔ گرفتار دہشت گرد جان عالم کو TTPکے ملا فضل اللہ گروپ کا کمانڈر شیر بہادر کی ہلاکت کے بعد کمانڈر مقرر کیا گیا۔ گرفتار دہشت گرد کے تین ساتھی CTDکی ریڈ بک میں شامل ہیں۔ گرفتار دہشت گرد نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مختلف دھماکوں کی کاروائیاں کرنے کے علاوہ بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان کی وارداتیں کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ گرفتار دہشت گرد جان عالم نے فرنٹیئر کالونی میں کرائے کی جگہ لے رکھی تھی جہاں پردہشت گردی کی منصوبہ بندی اور بارودی مواد سے بم تیار کیے جاتے تھے۔ گرفتار دہشت گرد نے دوران تفتیش متعدد دہشت گردی کی کاروائیوں کا انکشاف کیا ہے ۔ ANP سندھ کے جنرل سیکریٹری بشیر جان پر بم سے حملہ کرنے سمیت متعدد سنگین وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔