میرپور خاص میں ماحولیات کا عالمی دن منایا گیا
میرپورخاص(بیورو رپورٹ) عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر ادارہ تحفظ ماحولیات میرپورخاص کی جانب سے حکومت سندھ کی ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ماحولیات کا عالمی دن منایا گیا تفصیلات کے مطابق ادارہ تحفظ ماحولیات میرپورخاص کی جانب سے عالمی یوم ماحولیات کا افتتاح ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل آفس محمد صہیب نے سٹلائٹ ٹائون گرائونڈ کے اطراف پودے لگا کر کیا جس کے بعد ادارے کی ٹیم نے شہر میں اس دن کے حوالے سے عوامی آگاہی کے لئے پمفلٹ تقسیم کئے اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ اس مہم کا مقصد عوام کو آگاہی دینا ہے انہوں نے کہا کہ اپنے گھر اور ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھیں گھر اور محلے میں کچرا نہ جلائیں، تازہ اور صاف ہوا کے لئے ایسے درخت لگائیں جو کاربن ڈائی آکسائیڈ کے علاوہ دیگر دوسری گیس بھی جذب کریں انکا مزید کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجوہات میں خراب انجن والی گاڑیوں سے نکلنے والا زہریلا دھواں ،درختوں کی کٹائی ،اور کچرے کو کھلی جگہ پر جلانا شامل ہے اس موقع پرپاک گرین فائونڈیشن کے چیئرمین محمد نواز خان نے شہریوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں تاکہ ماحول کو بہتر کیا جا سکے انہوں نے محکمہ ماحولیات کے اس اقدام کو سراہا اور پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔