پی سی بی کا خواتین کرکٹرز کے لئے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان
لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 2020-21 کے لیے خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کااعلان کر دیا ہے۔ اٹھارہ خواتین کھلاڑیوں کو چار کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یکم جولائی سے نافذ العمل سینٹرل کنٹریکٹ میںا سپنر انعم امین اور بیٹر عمیمہ سہیل سمیت 9 خواتین کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب گذشتہ سیزن کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے سبب بسمہ معروف، جویریہ خان اور ڈیانا بیگ کو سنٹرل کنٹریکٹ میں ترقی دے دی گئی ہے۔ اس ضمن میں پی سی بی نے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کٹیگریز کے معاوضوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ کٹیگری اے کی ماہانہ آمدن میں 33 فیصد، بی میں 30 جبکہ سی میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پی سی بی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کو سراہنے اور انہیں کھیل کی طرف مزید راغب کرنے کے لیے ایک نئی کٹیگری تشکیل دی ہے۔ ایمرجنگ کٹیگری کی فہرست میں 16 سالہ سیدہ عروب شاہ، 15 سالہ عائشہ نسیم اور 22 سالہ منیبہ علی، فاطمہ ثنائ، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔اُدھر پی سی بی نے ڈومیسٹک ایونٹس کے معاوضے بھی بڑھا دئیے ہیں۔ ان ایونٹس کی میچ فیس اور انعامی رقم میں 100 فیصد جبکہ ڈومیسٹک ڈیلی الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ سنٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کی کٹیگری اے میں بسمہ معروف، جویریہ خان۔ کٹیگری بی میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور سدرہ نواز۔ کٹیگری سی میں انعم امین، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل اور ندا ڈار جبکہ ایمرجنگ کنٹریکٹ لسٹ میں سیدہ عروب شاہ، عائشہ نسیم، منیبہ علی، فاطمہ ثنائ، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔