نیب نے آلِ شریف کے خلاف کرپشن کے ڈھیروں ثبوت پیش کر دیئے:فیاض چوہان
لاہور (نیوز رپورٹر)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ترجمان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تنقیدی بیانات پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب، تحقیقاتی و احتسابی اداروں نے آلِ شریف کے خلاف کرپشن کے ڈھیروں ثبوت پیش کر دیئے ہیں، لیکن سوال گندم جواب چناکے مصداق (ن) لیگی ترجمانوں کو اپنی قیادت کے خلاف کرپشن الزامات کے جواب میں وزیرِ اعظم عمران خان میں نقص اور عیب نظر آنا شروع کو ہو جاتے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ (ن) لیگی ترجمانوں کا نیب نیازی گٹھ جوڑ کا واویلا "کھوتا مریا کھاریاں تو سوگ وزیر آباد" کے مترادف ہے۔ لیگی قائدین اپنے گریبان میں جھانکنے کی بجائے"الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے" کی روش پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنا، دھیلا، روپیہ اور پائی کا راگ الاپنے والے ابھی تک اپنی کرپشن، بددیانتی، اقربا پروری کے خلاف اور اپنی بے گناہی کے حق میں ایک بھی ثبوت نہیں لا سکے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کے ٹھوس شواہد کے سامنے لیگی ترجمانی کے زبانی جمع خرچ کی کوئی وقعت نہیں۔ آلِ شریف کی کرپشن کا احوال پاکستان کے بچوں سے لے کر بوڑھوں تک ہر ایک کو پتہ ہے۔