وفاقی بجٹ میں پنجاب کیلئے مختص رقم الفاظ کی ہیرا پھیری کے سوا کچھ نہیں....کرپشن اور لوٹ مار ختم نہ ہوئی تو ملک ڈوب سکتا ہے : شہباز شریف
لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کرپشن کے رجحانات نے ملک کو ہلاکر رکھ دیا ہے، کرپشن اور وسائل کی لوٹ مار کے خلاف آواز نہ اٹھائی اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک نہ کیا گیا تو خدانخواستہ ملک ڈوب سکتا ہے اور کرپشن کے تمغے سینے پر سجانے والے آج حکومت میں بیٹھے ہیں جو المیہ سے کم نہیں، بجٹ کتنا مفید ہے یہ عوام سے بہتر کون جانتا ہے، خزانے سے لوٹے جانے والے اربوں واپس آ جائیں تو بجٹ خسارہ ختم ہو سکتا ہے، ماضی میں قومی وسائل کو بیدردی سے لوٹا گیا جس پر آج ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا۔ پنجاب حکومت عوامی وسائل، عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہی ہے، آشیانہ سکیم پنجاب حکومت کا انقلابی منصوبہ ہے جسے سارے پنجاب تک وسیع کریں گے۔ آشیانہ سکیم اور کلمہ چوک کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا لاہور کے بعد فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال اور جہلم میں آشیانہ سکیموں پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ آئندہ سال یہ سلسلہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، رحیم یار خان تک وسیع کریں گے۔ شہبازشریف نے وفاقی بجٹ کے حوالہ سے کہا پنجاب کیلئے وفاقی بجٹ میں حصہ الفاظ کی ہیراپھیری کے سوا کچھ نہیں۔ پنجاب بینک کے 73 ارب لوٹ کر قومی سرمایہ پر ڈاکہ ڈالا گیا جب کرپشن کے تمغے سینے پر سجانے والے حکومتوں میں بیٹھیں گے تو پھر پاکستان کی جگ ہنسائی ہی ہو گی۔ انہوں نے کہا چیف جسٹس کو سلام پیش کرتا ہوں جو سیاسی بنیادوں پر قرضے معاف کرانے اور کرپشن میں ملوث افراد کا احتساب کر رہے ہیں۔ میڈیا کو بھی چاہئے کرپشن کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کرے۔ ایک سوال پر شہباز شریف نے کہا یونیفکیشن بلاک نے ازخود وزارتیں نہ لینے کا اعلان کیا ہے ہماری جماعت نے جمہوری اقدار کو پروان چڑھایا۔ انہوں نے کہا لاہور میں آشیانہ ہاﺅسنگ سیکم میں پہلے مرحلے میں آئندہ ماہ 500گھر تیار کرکے خوش نصیبوں کے حوالے کر دئیے جائیں گے جبکہ کلمہ چوک کا منصوبہ بھی 14اگست تک مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے آشیانہ ہاﺅسنگ پراجیکٹ سروبہ اٹاری پر کام کی رفتار، معیار اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے عمل پر بھرپور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن کو ہدایت کی وہ آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم میں لوگوں کی سہولت کے لئے بس سروس کے اجرا کا بھی جائزہ لیں اور فیروز پور روڈ سے رابطہ سڑک کی تعمیر کے دوران شہریوں اور دکانداروں کو مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم غریب اور عام آدمی کے لئے ہے اس لئے شفاف قرعہ اندازی کے بعد سرکاری اہلکاروں، اخوت کے نمائندوں اور طلبا پر مشتمل کمیٹیاں آشیانہ سکیم میں قرعہ اندازی کے ذریعے گھر حاصل کرنے والے افراد کے کوائف کی شفاف طریقے سے چھان بین کر رہی ہیں تاکہ منافع خوروں اور سٹے بازوں کی بجائے صرف اور صرف حقدار ہی ان سکیموں میں گھر حاصل کر سکیں۔
شہبازشریف
شہبازشریف