نشتر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حالت تشویشناک،وینٹی لیٹر پر منتقل
ملتان(سپیشل رپورٹر) کورونا میں مبتلا نجی ہسپتال میں زیر علاج نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال کی حالت تشویشناک،وینٹی لیٹر پر منتقل،اہل خانہ کی جانب سے دعائے صحت کی اپیل۔ تفصیل کے مطابق نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کو کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد 22 جون کی رات طبعیت بگڑنے پر انکے گھر سے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہان دو روز قبل تک انکی طبعیت بہتر ہونا شروع ہوئی تاہم کورونا میں مبتلا وی سی نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی حالت گزشتہ سے پیوستہ رات کو اچانک پھر بگڑ گئی اور ناک سے خون بہنے کے علاوہ سانس میں شدید تنگی کا سامنا ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ،نجی ہسپتال ذرائع کے مطابق وی سی نشتر کے پھیپڑوں کی حالت نہایت خراب ہو چکی ہے،انکی زندگی کے لئے آئندہ چوبیس گھنٹے نہایت اہم ہیں، ادھر اہل خانہ نے دعائے صحت کی اپیل کی ہے جبکہ پائینرز یونٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر شاہد راو،ڈاکٹر عبدالمنان،ڈاکٹر ساجد اختر ڈاکٹر نصرت بزدار اور دیگر کی جانب سے وی سی نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کروائی گئی اور کہا گیا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان ، وزیر اعلی عثمان بزدار ، وزیر صحت یاسمین راشد سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور وائس وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے فوری کے ایل آئی لاہور منتقل کر کے ایکمو کی جائے،اور ایڈوانس وینٹی لیشن(hfov)مہیا کی جا سکے تاکہ وی سی نشتر کی زندگی کو بچایا جا سکے۔ دریں اثنا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نشتر ہسپتال میں زیر علاج 2 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ،جبکہ نشتر ہسپتال کے آئی سو لیشن وارڈز میں اس وقت کورونا میں مبتلا 31 مریض زیر علاج ہیں جبکہ 20 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جن میں سے 18مریضوں کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ کورونا کے شبہ میں 6 مریض زیر علاج ہیں,جن کی رپورٹس کا انتظار ہے۔