سپیکر اسدقیصرسے اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید کی ملاقات
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان نے اتوار کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں لاہور ہائیکورٹ کے 30 جون، 2020 کو دیے گے آرڈر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اٹارنی جنرل نے اسپیکر کو پٹرولیم مصنوعات کی قلت اور ان کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں لاہور ہائیکورٹ کی ابزرویشن سے آگاہ کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ کے لیے عدلیہ محترم ہے اور اس کی دی گی ابزرویشن کا احترام کرتی ہے۔اسپیکر نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قلت اور ان کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے توانائی سے پہلے ہی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ عوامی مسائل کے حوالے سے پارلیمنٹ کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کا مظہر ہوتی ہے اور منتخب نمائندے پارلیمنٹ میں اپنے حلقہ انتخاب سے متعلق امور اٹھاتے ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ بجٹ سیشن میں حکومتی اور اپوزیشن بینچوں سے پٹرولیم مصنوعات کی قلت اور عوام کو درپیش مسائل کے کو اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی عوامی مسائل پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انتظامیہ پر پارلیمانی نگرانی کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کورونا وائرس وبائی مرض پر پارلیمانی کمیٹی، کرونا وائرس کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی، بلوچستان کے مسائل اور زرعی مصنوعات پر قائم کی گی خصوصی کمیٹیاں ان کی واضح مثال ہیں۔ ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی کے آئینی اور قانونی امور پر مشیر لطیف یوسفزئی بھی موجود بھی موجود تھے۔