سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ کمزور آدمی ہوں اور اللہ اور اس کی مخلوق سے توقع ہے۔ مجھے کوئی غم نہیں کہ 25 جولائی کو عوام کیا فیصلہ کریں گے۔راولپنڈی کے علاقے چک جلالدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے اعلان کیا کہ چوہدری نثار آئیں اور جتنے مرضی چاہیں ٹکٹ لے لیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی بار بار پیشکش کے باوجود میں نے فیصلہ کیا تھا کہ کسی سیاسی جماعت کا ٹکٹ نہیں لینا صرف مخلوق خدا کا ٹکٹ لینا ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے کہتا ہوں کمزور آدمی ہوں۔ اللہ اور اس کی مخلوق سے توقع ہے اور کسی تیس مار خان کو سلام نہیں کرتا۔چوہدری نثار نے کہا کہ میں ہوائی باتیں نہیں کرتا۔ مجھے کوئی غم نہیں کہ 25 جولائی کو عوام کیا فیصلہ کریں گے، لیکن انتخابات کے روز پتہ چل جائے گا کہ (ن)لیگ ،پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی یا عوام کا ٹکٹ بھاری ہے۔انہوں نے کہا کہ چک جلالدین کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں، یہاں غریب عوام بستے ہیں میں نے چند مہینوں میں کروڑوں روپے 2 یونین کونسلز کو دیئے لیکن اتنے پیسے دینے کے باوجود بھی متعدد علاقے پانی سے محروم ہیں اس لیے ہمیں بہت سے کام کرنے ہیں۔چوہدری نثار نے مزید کہا کہ مل کر علاقے کو ترقی یافتہ بنانا ہے۔ علاقے کی ترقی چاہتے ہو تو ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر مل کر چلو .
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024