لاہور (رپورٹ: خواجہ فرخ سعید) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسان وائیں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پر کرپشن کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر دباﺅ ڈالنا چاہئے، نوازشریف محب وطن اور بڑے لیڈر ہیں انہیں فیصلہ کرنا ہو گا کہ زرداری کی شخصیت کے خلاف کس حد تک جانا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو تحریک چلانے کا جمہوری حق ہے لیکن جس تحریک سے انارکی آئے ملک اور عوام کے لئے خوفناک ہو گی۔ گرینڈ اپوزیش الائنس کی تحریک میں انتہا پسند مذہبی جماعتیں بھی شامل ہو جائنیگی خود میاں صاحب کا رجحان بھی ادھر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایوان وقت میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو حکومت میں رہنے یا اپوزیشن میں جانے، میاں صاحب کے ساتھ مل کر اپوزیشن اتحاد بنانے کا جمہوری حق حاصل ہے، سیاسی جماعتوں اور اتحادوں کو حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا بھی جمہوری حق ہے لیکن اس ملک میں جتنی تحریکیں فوجی یا سول آمروں کے خلاف چلیں ان کے نتائج ایک آمریت کے بعد دوسری آمریت کی شکل میں نکلے۔ ایسی حکومت جس میں وقت فوقتاً تمام پارٹیاں بشمول مسلم لیگ (ن)، ایم کیو ایم، جے یو آئی (س) اور اے این پی آج بھی موجودہ حکومت میں شامل ہے اس حکومت کے عرصے میں دو سال باقی رہ گئے ہیں اور ہمیشہ الیکشن مدت ختم ہونے سے پہلے کروائے جاتے ہیں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان کی تقریر نے بین الاقوامی طور پر پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا اور عوام کو خوف میں مبتلا کر دیا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کو حکومت مل گئی تو ان کا طرز حکومت کیسا ہو گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نوازشریف وضاحت کریں کہ وہ پاکستان میں طالبان کا نظام نہیں لانا چاہتے۔
احسان وائیں
احسان وائیں