پاکستان کو داخلی و خارجی چیلنجزکا سامنا ہے۔ وزیراعظم، سوات میں حکومتی رٹ نہیں تھی ۔ آرمی چیف
سوات میں پاک فوج کے زیر اہتمام دہشتگردی کے خلاف سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان داخلی و خارجی چیلنجز کا سامنا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ سے پاکستان کوسب سے زیادہ اقتصادی نقصان پہنچا۔ خطے میں قیام امن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی نے پوری دنیا کو اپنی گرفت میں لیا ہوا ہے،بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کومتحد ہوکر دہشتگردی کے خلاف کرداراداکرنا ہوگا۔ دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی کوششوں کوعالمی سطح پرسراہا گیا ہے۔ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویزکیانی نے کہا کہ سوات میں دہشتگردوں کا قبضہ تھا اورحکومت کی رٹ ختم ہوچکی تھی، پاک فوج نے تین ماہ کے دوران امن ومان کی فضا بحال کرائی۔ انہوں نے کہا کہ سوات کو دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرانا فوج کے لیے ایک چیلنج تھا جس کے لیے جوانوں نےسینہ سپر ہوکردہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج ملکی سکیورٹی کے لیے کردارادا کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گی۔