بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران لیسکو نے ایک ماہ کے دوران ایک کروڑ انہتر لاکھ روپے کی چوری پکڑلی
لاہورالیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی چوروں کے خلاف ماہ جون میں کریک ڈاؤن کیا، جس دوران نو سو پانچ کیسز پکڑے گئے۔ پانچ سو بیس بجلی چوروں کے خلاف الیکٹرسٹی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ۔ لیسکو کے ترجمان جاوید احمد خان کے مطابق چھ سو انہتر کیس میٹر کی رفتار سست کرنے، ایک سو تین کیس گھریلو میٹر کے کمرشل استعمال اور چھبیس دیگرکیس پکڑے گئے۔ بجلی چوری کے کیسز میں ملوث افراد سے سترہ لاکھ آٹھ ہزار سات سو ستایئس یونٹس چارج کیے گئے۔ جاوید احمد خان کا کہنا تھا کہ لیسکو کے جن ملازمین کی ملی بھگت سے بجلی چوری کی جارہی تھی انکے خلاف بھی محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔