لاہور (لیڈی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے یو ایم ٹی میں خصوصی سیمینار میں شرکت کی، جہاں انہوں نے یونیورسٹی کی سینئر انتظامیہ کے ساتھ ملاقات کی اور ادارے کی تعلیمی خدمات کو خوب سراہا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے یو ایم ٹی طلباء، اساتذہ اور عملے کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے انٹریکٹیو سیشن کا انعقاد کیا، جس میں انہوں نے شرکاء کو ملکی سالمیت اور ترقی میں پاک فوج کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کی بقا اور دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم رکھتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منفی پراپیگنڈے سے دور رہیں اور اپنی خودی کو پہچان کر ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔ پاک فوج کا واحد مقصد پاکستان کی بقا اور اس کا دفاع ہے جس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہم ملک دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور اس پاک سر زمین کی طرف اٹھنے والی ہر بری نظر کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر سے دوران تقریب سوال و جواب کے سیشن میں طلباء نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے مختلف موضوعات پر سوالات کیے، جن کے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تفصیلی جوابات دیے اور نوجوان نسل کو حقائق سے آگاہ کیا۔ طلباء نے پاک فوج کی خدمات کو سراہا اور اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ اس طرح کے سیشن تواتر کے ساتھ ہونے چاہیئں تاکہ نوجوانوں اور پاک فوج کے مابین خلاء کو کم کیا جائے اور غلط فہمیوں کا تدارک ہو سکے۔ سابق صوبائی وزیر اور صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا یو ایم ٹی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نوجوان نسل میں جذبہ حب الوطنی اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر ابراہیم حسن مراد اور لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے درمیان سووینئر کا تبادلہ کیا گیا۔
دورہ یو ایم ٹی، طلباء منفی پراپیگنڈا سے دور رہیں، دفاع پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: ڈی جی آئی ایس پی آر
Jan 06, 2025