وارڈنز لاہور پولیس کا چہرہ، ’’پہلے سلام پھر کلام‘‘ کے سلوگن سے پیش آئیں: امین وینس
لاہور (سٹاف رپورٹر) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس نے کہا ہے کہ سڑکون پر ٹریفک وارڈنز لاہور پولیس کا چہرہ ہیں اور وارڈنز کو ’’پہلے سلام پھر کلام‘‘ کے سلوگن کے تحت شہریوں سے حسن سلوک اور شائستگی سے پیش آنا چاہئیے۔ ٹریفک واڈنز سڑکوں پر شہریوں کو صاف اور محفوظ راستہ دینے کے ساتھ ساتھ ان کے جان و مال کے بھی محافظ ہوتے ہیں۔ اس لئے شہریوں کو بھی ٹریفک قوانین کی پاسداری کرکے ٹریفک وارڈنز کی مدد کرنی چاہئیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے الحمرہ ہال نمبر 3 میں ٹریفک وارڈنز کیلئے خصوصی لیکچر کے اہتمام کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ماہر نفسیات و پرنسپل ہوم اکنامکس کالج پروفیسر فرح یعقوب اور ٹریفک وارڈنز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر فرح یعقوب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اختیارات ہمیں بطور امانت دیئے ہیں اس لئے ہمیں چاہئیے کہ ہم پورا انصاف کریں۔ ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) احمد مبین نے کہا ہے کہ وارڈنز ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے ساتھ شہریوں کو ٹریفک قوانین کے حوالہ سے ایجوکیٹ بھی کر رہے ہیں۔