ترقیاتیمنصوبے: سیمنٹ انڈسٹری کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کی منصوبہ بندی
لاہور(کامرس رپورٹر)مقامی کھپت میں حوصلہ افزاء اضافہ ہونے اور حکومت کے بڑے انفرااسٹرکچر منصوبوں کی وجہ سے سیمنٹ انڈسٹری نے اپنی پیداواری صلاحیت میں مزید 26.250 ملین ٹن اضافے کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ معاشی ترقی کی رفتار اسی طرح برقرار رہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(اے پی سی ایم اے) نے انڈسٹری کی چھ ماہ کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں انڈسٹری کی نشوونما میں اضافہ ہوا اور سیمنٹ انڈسٹری کی فروخت کا حجم 19.81 ملین تک بڑھ گیا۔ یہ رجحان اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ موجودہ پیداواری صلاحیت 46 ملین ٹن آئندہ دو سال میں ناکافی ثابت ہوگی جو مقامی کھپت کو پورا کرسکے۔ انڈسٹری پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے بھاری سرمایہ کاری کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کی پیداواری صلاحیت آئندہ دو برسوں میں 72.5 ملین ٹن تک بڑھ جائیگی۔ سیمنٹ انڈسٹری کو توقع ہے کہ مقامی فروخت 26 ملین ٹن سے 28 ملین ٹن تک پہنچ جائے گی اور اضافی پیداوار سے حکومت کے ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی پیمائش جاننے کیلئے سیمنٹ کی کھپت ایک اچھا ذریعہ ہے اور حکومت کو چاہیے کہ وہ اس کی پیداوار میں اضافے کے لیے ملکی سیمنٹ پر عائد ٹیکسز میں کمی کرے۔