سمیڈا نے ڈیڑھ ارب مالیت کے جدید ٹیکنالوجی کے حامل 16 منصوبے مکمل کر لئے
لاہور ( کامرس رپورٹر ) سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ـ ’ سمیڈا‘ نے کل 1.5۔ارب روپے کی لاگت سے چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی ایسوسی ایشنوں کے مطالبے پر ملک بھر میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل 16منصوبے مکمل کر لئے ہیں جن سے ایس ایم ایز کے متعلقہ کلسٹرز کامن فیسلٹی سنٹر ز کے طور پر استفادہ کر سکیں گے۔سمیڈا کی ایک رپورٹ کے مطابق متذکرہ منصوبوں کیلئے درکار فنڈز کا خطیر حصہ وزارت صنعت و پیداوار کے توسط سے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے حاصل کیا گیا جبکہ اراضی کی شکل میں کچھ حصہ نجی شعبہ اور صوبائی حکومتوں سے بھی حاصل کیا گیا۔رپورٹ میں بتا یا گیا ہے کہ 443 ملین روپے کی لاگت سے جاری چار مزید منصوبے بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں توقع ہے کہ رواں سال کے دوران یہ بھی مکمل ہو جائیں گے۔