اورنج ٹرین کیس میں شاہد حامد نے 3 کروڑ لیے فواد چودھری، جھوٹ ہے: ترجمان پنجاب حکومت
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست جھوٹ کے گرد گھومتی ہے۔ شاہد حامد سے متعلق ترجمان پی ٹی آئی کا بیان جھوٹ کا پلندہ ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کیس میں شاہد حامد پنجاب نہیں نیسپاک کے وکیل تھے۔ شاہد حامد کو تین کروڑ روپے فیس ادائیگی کا الزام فواد چودھری کی ذہنی اختراع ہے۔ شاہد حامد کو میٹرو ٹرین کیس میں نیسپاک نے 20 لاکھ روپے فیس ادا کی۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف کے بچوں کے بیانات میں تضاد اور قطری شہزادے کا خط بعد کی سوچ ہے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ5 نومبر 2016 کا قطری شہزادے کا خط بعد کی سوچ پرمشتمل ہے۔ حسن نواز اور حسین نواز کے انٹریوز میں لندن پراپرٹی کی خرید میں قطری شہزادے کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ وزیراعظم کے تینوں بچوں کے انٹرویوز اور اب دیئے گئے بیانات میں تضاد ہے۔ انہوںنے کہا لندن میں پراپرٹی وکیل کے ذریعے خریدی جاتی ہے۔ 1999 میں 33 ملین ڈالر التوفیق گروپ کو دئیے گئے اگر پیسے نہیں تھے تو ادائیگی کہاں سے کی گئی۔ شاہد حامد کو پنجاب حکومت نے اورنج لائن ٹرین کیس کے سلسلے میں 3کروڑ دئیے۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا وزیراعظم کے نئی وکلا کی ٹیم پر اعتراضات آرہے ہیں۔