بجلی، گیس کی بندش برقرار، لوگ پریشان: دھند، کوچ الٹنے سے 29افراد زخمی
لاہور/نواب شاہ (نامہ نگاران+آئی این پی) بجلی اور گیس کی بندش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا رہا اور وہ سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ گزشتہ روز دھند بھی جاری رہی نواب شاہ میں کوچ الٹنے سے 25افراد زخمی ہو گئے جبکہ شانگلہ میں تیسرے روز بھی موسم ابر آلود رہا۔ یخ تنگی ٹاپ کو ٹریفک کیلئے عارضی طور پر کھول دیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق نوابشاہ میں نیشنل ہائی وے پر مسافر کوچ دھند کے باعث الٹ گئی جس کے باعث 25 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نوابشاہ میں نیشنل ہائی وے پر مسافر کوچ دھند کے باعث الٹ گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق گیس کی لوڈشیڈنگ میں کمی واقع نہ ہو سکی شہریوں نے احتجاج کیا ہے۔ گیس نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا‘ شاداب ٹائون ،عارفوالہ پل،دوبئی گارڈن ،آغا بشیر ٹائون ،پیپلز کا لونی کے مکینوں نے گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا ہے سخت سردی میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق شرقپور شریف اور گردونواح میں بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔ شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ14گھنٹے سے بھی تجاوز کرجانے پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی جبکہ شہر کے اندر کا روبار زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گیا جبکہ دوسری جانب موسم بدلتے ہی گیس پریشر میں نمایاں کمی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ صبح اور رات کے اوقات میں گیس دئیے کی لوکی طرح جلتی رہی جس پر کھانا پکانا ناممکن ہوچکا ہے۔ جکھڑ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں بجلی مسلسل چھ چھ گھنٹے غائب رہنے لگی جس سے کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ ڈونگہ بونگہ سے نامہ نگار کے مطابق ڈونگہ بونگہ اور گرد و نواح میں کئی کئی گھنٹوں کی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے کاروبار ٹھپ ہو گئے ہیں۔ پانی کی بھی قلت رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ علاوہ ازیں دھند چھائی رہی شہر اور گرد و نواح کو اپنی سفید چادر میں لپیٹ لیا، شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ پاک پتن سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ گیس پریشر کو پورا کرنے کیلئے بعض شہریوں نے گیس پائپ لائن پر غیر قانونی طریقہ سے کمپریسر لگا لئے۔ شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ علاوہ ازیں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے کاروبار زندگی بری طرح مفلوج ہو گیا۔ مسلسل دو سے تین گھنٹے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق 50 سالہ شخص سردی میں ٹھٹھر کر دم توڑ گیا۔ کوٹ سلدیرا کی بستی زمان کا رہائشی نور احمد کسی کام کے سلسلہ میں شہر سے باہر گیا گھر واپس جاتے رات زیادہ ہونے کی وجہ سے بس نہ مل سکی تو جنرل بس سٹینڈ پر ہی سو گیا مگر سخت سردی کی وجہ سے ٹھٹھر کر مر گیا صبح سویرے شہریوں کی اطلاع پر پولیس آ گئی، نعش قبضہ میں لیکر ڈی ایچ کیو ہسپتال شفٹ کر دی اور ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ علاوہ ازیں سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہو گیا جس کی وجہ سے گھریلو خواتین اور تاجروں کی پریشانی اور مشکلات میں اضافہ ہو گیا شہریوں نے احتجاج کیا ہے کہ کسووال سے نامہ نگار کے مطابق سردی میں بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہر اور گردو نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹوں سے تجاوز کر گیا۔ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ 12 گھنٹوں تک جا پہنچی۔ جبکہ گھنٹوں بجلی بند ہونے کی وجہ سے کاروباری معاملات ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں بجلی کی 16 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے ایک بار پھر شہریوں کو پریشان کر دیا۔ کاروبار تباہ ہو کر رہ گئے۔ پاور لومز بھی متاثر ہوئی۔