گوجرانوالہ: رضوان کو محبت کی شادی مہنگی پڑ گئی، اہلخانہ اغوا کیس میں گرفتار
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پسند کی شادی کرنے والے کے اہلخانہ کو صلح کے لئے بہن کا رشتہ نہ دینے پر عدالت کا منہ دیکھنا پڑ گیا۔ گوجرانوالہ کے شہری رضوان نے لاہور کے علاقے ساندہ کی لڑکی (ع) سے پسند کی شادی کر لی۔ لڑکی والوں نے اسے معاف کرنے کیلئے رضوان کے گھر والوں سے اس کی بہن کا رشتہ مانگ لیا اور کہا کہ شرط نہ ماننے پر سارے گھر والوں کو اغوا کے کیس میں گرفتار کرا دیا جائیگا۔ رضوان کے گھر والوں نے رشتہ دینے سے انکار کیا تو اس کے والدین، چچا، بھائی اور بہن کیخلاف اغوا کا مقدمہ تھانہ ساندہ میں درج کرا دیا۔ پولیس نے رضوان کے اہلخانہ کو گوجرانوالہ سے گرفتار کر کے لاہور سیشن عدالت میں پیش کر دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضوان کے اہلخانہ نے کہا کہ وہ وٹہ سٹہ کا رشتہ ہرگز نہیں کریں گے۔ انہیں جھوٹے مقدمے میں پھنسا دیا گیا ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد پانچوں افراد کی ضمانت منظور کر لی اور ساندہ پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ 7جنوری کو طلب کر لیا۔