ہائیکورٹ نے یو سی 139 لاہور کے چیئرمین، وائس چیئرمین کو کام سے روک دیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بوگس کاغذات نامزدگی کی بنیاد پر یونین کونسل 139 نشتر ٹائون داروغہ والا سے چیئرمین محمد امجد اور وائس چیئرمین محمد ارشد کو کام کرنے سے روک دیا۔ فاضل عدالت نے دونوں عہدیداروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز عبوری طور پر معطل کر دیئے۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے یونین کونسل 139 داروغہ والا کے ووٹر ضمیر خان کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ چیئرمین محمد امجد اور وائس چیئرمین محمد ارشد کے کاغذات نامزدگی پر ریٹرننگ افسر کے دستخط موجود نہیں ہیں۔ ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی کو منظور کرنے یا مسترد کرنے کے حوالے سے کچھ بھی تحریر نہیں کیا۔ جس کا مطلب ہے کہ یہ کاغذات نامزدگی بوگس ہیں لہذا چیئرمین اور وائس چیئرمین کو نااہل قرار دیا جائے، الیکشن کمشن کی طرف سے جواب جمع کراتے ہوئے اعتراف کیا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر کی طرف سے کاغذات نامزدگی پر کچھ بھی تحریر نہیں ہے۔ انتخابی تنازعات پر سماعت صرف الیکشن ٹربیونل کرسکتا ہے۔ ہائیکورٹ سماعت کا اختیار نہیں رکھتی لہذا اس معاملے کو الیکشن کمشن یا ٹربیونل کو بھجوایا جائے۔