نیویارک ٹرین حادثہ: چیئرمین ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی نے انجینئرز کو ذمہ دارقرار دیدیا
نیو یارک (آن لائن+ رائٹرز) امریکہ کے شہرنیویارک میں ایک مسافر ٹرین پٹڑی سے اترنے پر 6 میں سے 2 بوگیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ سٹیشن کا متعلقہ حصہ اور ٹرینوں کو درست مقام پر روکنے والا بلاک تباہ ہو گیا۔ نیویارک کے فائر ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ حادثے کے فوری بعد ریسکیو کا عملہ اٹلانٹک ٹرمینل پر پہنچ گیا۔ ڈپٹی اسسٹنٹ چیف ڈان ڈونوگیو نے حادثے کے مقام پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، 103 زخمی ہوئے۔ تاہم 11 افراد کو جائے حادثہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ 700 کے درمیان مسافر سوار تھے۔ متاثرہ ٹرین کے ایک مسافر کا کہنا تھا کہ ٹرین کے پٹڑی سے اْتر جانے کے بعد ہر جانب افراتفری کا ماحول اور زخمیوں کا خون خوف زدہ کرنے والا تھا۔ دوسری جانب میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کے چیئرمین ٹام پرینڈورگسٹ کا کہنا تھا کہ حادثے کے ذمہ دار ممکنہ طور پر انجینئرز ہیں جو بلاک سے قبل ٹرین کو روکنے میں ناکام رہے۔