اقتصادی راہداری منصوبے کا تیسرا مرحلہ مئی میں مکمل ہو جائیگا : چیئرمین گوادر پورٹ
اسلام آباد (اے پی پی) گوادر بندرگاہ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین جمال دین نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا تیسرا مرحلہ مئی 2017 میں مکمل ہو جائے گا۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیجنگ میں ہونے والا جے سی سی کا چھٹا اجلاس اس اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں پاکستان کے تمام صوبوں کے حکام پوری تیاری کے ساتھ شریک ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ منصوبہ ہے جس کے فائدے تمام صوبوں،ان کے عوام اور خطے کے دیگر ممالک کو پہنچیں گے۔ انہوںنے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں جو جلد تکمیلی مراحل طے کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے کل رقبے کا 44 فیصد ہے اور اقتصادی راہداری منصوبے سے سب سے زیادہ فائدہ بھی اسی صوبے کوپہنچے گا جبکہ اس کے ذریعے دیگر صوبوں کو بھی فوائد حاصل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ دنیا میں سب سے مصروف اور گہری بندرگاہوں میں سے ایک ہے جس کے مکمل طور پر فعال ہونے سے پاکستان سمیت خطے اور دنیا بھر میں خوشحالی آئے گی۔ چیئرمیں اتھارٹی نے کہا کہ گزشتہ دنوں سی پیک منصوبے کے تیسرے زون کے منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر گوادر میں ایک یونیورسٹی کے قیام کے اعلان پر چینی یونیورسٹی کے ساتھ منسلک کیا جائے گا جس سے بلوچستان میں نوجوانوں کی تعلیم کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی اور روزگار کے حصول میں آسانی ہو گی۔