عمران فاروق قتل کیس ‘ پراسیکیوٹر کی عدم حاضری کے باعث سماعت 19جنوری تک ملتوی
اسلام آباد(صباح نیوز)انسداد دہشتگردی عدالت نے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی عدم حاضری کے باعث عمران فاروق قتل کیس کی سماعت19 جنوری تک ملتوی کر دی۔ ملزمان کے وکیل بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس کوئی ثبوت نہیں، صرف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج سہیل اکرام نے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ جس پر احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کے وکیل بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ یہ تیسری پیشی ہے ہم تیار ہو کر آتے ہیں مگر پراسیکیوٹر عدالت پیش نہیں ہو رہے۔ حکومت کو پتہ ہے کہ اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں اور ملزمان رہا ہو جائیں گے۔ صرف ملزمان کو حراست میں رکھنے کے لیے یہ تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔