جذبہ خیرسگالی، پاکستان نے مزید 219 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا
کراچی (صباح نیوز) پاکستان کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت مزید 219 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا، واضح رہے پاکستان کی جانب سے دس روز قبل بھی تقریبا اتنے ہی بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا گیا تھا۔ صوبائی حکومت کے عہدیدار محمد نسیم صدیقی نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا بھارتی ماہی گیروں کو، جن میں سے چند ایک سال سے زائد عرصے سے پاکستانی جیل میں تھے، واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا مزید 100 بھارتی ماہی گیر پاکستانی جیلوں میں قید ہیں اور بھارتی ہائی کمشن کی جانب سے اپنی قومیت کی تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں، جبکہ ان میں سے ہر قیدی کم از کم 6 ماہ کی سزا کاٹ چکا ہے۔ یاد رہے گزشتہ سال 25 دسمبر کو بھی پاکستان نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کے تہوار کے موقع پر جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارت کے 220 ماہی گیروں کو رہا کردیا تھا۔