سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان کیلئے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں: ظہیر عباس
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) ایشین بریڈ مین اور سابق صدر آئی سی سی ظہیر عباس نے کہا ہے کہ سڈنی ٹیسٹ میں بھی پاکستان ٹیم کے لیے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں، سینئرز کے ساتھ ساتھ جونیئر کھلاڑی بھی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے ہیں، یونس خان نے دنیا کے تمام ٹیسٹ ممالک میں سنچری سکور کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ سڈنی ٹیسٹ کو بچانے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی پرفارم کرنا ہوگا جبکہ باولنگ کے شعبہ کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم نے دو سپنرز کو شامل نہ کر کے پہلے روز ہی میچ سے اپنی گرفت کو کمزور کر دیا تھا جس کا میزبان ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ بارش یا پھر تمام کھلاڑیوں کو دوسری اننگز میں آسٹریلوی باولرز کے سامنے مضبوط چٹان بننا ہوگا اسی صورت میں ٹیسٹ میچ بچایا جا سکتا ہے۔