کانسٹیبل کی فائرنگ سے ہلاک ہونیوالے محنت کش کی نعش رکھ کر مظاہرہ‘ وحدت روڈ پر ٹریفک جام
لاہور (نامہ نگار) شاد باغ کے علاقہ میں کانسٹیبل کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے چار بچوں کے باپ فیکٹری ملازم یاسین کے لواحقین اور اہل علاقہ نے گزشتہ روز ملتان چونگی میں وحدت روڈ پر نعش رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلاکر روڈ بلاک کر دی اور شدید نعرے بازی کی جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا چیچہ وطنی کے رہائشی یاسین کو ہفتے کے روز شادباغ تھانہ کے کانسٹیبل زاہد محمود نے فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا مظاہرین نے کہا کہ فیکٹری ملازمین نے کانسٹیبل کو خود قابو کرکے پولیس کے حوالے کر دیا مگر پولیس ملازم کو تھانے میں پروٹوکول دے رہی ہے ملزم کے ساتھیوں کی جانب سے ورثاء کو دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں مظاہرین نے کہا کہ کانسٹیبل کو بھی اسی مقام پرلے جاکر گولیاں ماری جائیں اس موقع پر مقتول کی بیوی بچوں اور بچے جھولیاں اٹھاکر ملزم کو بددعائیں دیتے رہے مظاہرے سے وحدت روڈ پر ایک گھنٹے سے زائد ٹریفک جام رہی اور گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔