گوجرانوالہ:نان ،روٹی کی قیمت میں 2 روپے اضافہ
گوجرانوالہ (آئی این پی)گوجرانوالہ میں نان اور روٹی کی قیمت میں دو روپے تک کا ریکارڈ اضافہ ہو گیا ، جس سے شہری تو بلبلا اٹھے ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی۔گوجرانوالہ میں نان بائیوں نے خود ساختہ طور پر روٹی کی قیمت چھ روپے سے بڑھا کر آٹھ روپے جبکہ نان کی قیمت آٹھ روپے سے بڑھا کر دس روپے کردی، جس سے مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گھر میں گیس نہیں،تندور پر روٹی لینے آئے ہیں تو نان بائیوں نے گیس کی لوڈشیڈنگ کو بنیاد بنا کر قیمتیں بڑھادی ہیں۔دوسری جانب نان بائیوں کا کہنا ہے کہ وہ گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ایل پی جی اور لکڑیاں استعمال کرکے تندور چلانے پر مجبور ہیں۔