بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کی تشہیر میں کرپشن، ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردیں
اسلام آباد (آئی این پی) ایف آئی اے نے حکومتی آڈیٹرز کے انکشاف کے بعد سابقہ دور حکومت میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تشہیر پر اربوں روپے کے اخراجات کے دوران بڑ ے پیمانے پر بے ضابطگیوں اور کرپشن کی تحقیقات شروع کر دیں۔ آڈیٹرز نے پروگرام کی تشہیری مہم پر کئے گئے اخراجات پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کرانے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تشہیر پر ہونیوالے اخراجات میں اربوں کی کرپشن میں سابقہ دور کی ایوان صدر کی بعض اہم شخصیات، چیئر پرسن فرزانہ راجہ اور پروگرام کے کئی اعلیٰ افسران براہ راست شامل ہیں، تشہیر پر قومی خزانے سے خرچ کردہ 3 ارب 15 کروڑ میں سے بیشتر رقم جعلی بلوں کے ذریعے ہڑپ کر لی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے کے بعد اس پروگرام کے نئے چیئر مین اور پیپلز پارٹی کے سابق سنیٹر انور بیگ نے بھی اس پروگرام ہونیوالی سنگین بے قاعدگیوں کی نہ صرف تصدیق کی ہے بلکہ وہ کئی بار ذمہ داران کے خلاف تحقیقات کا بھی اعلان کرچکے ہیں۔