بھارت میں زیادتی کا شکار پولش سیاح خاتون نے پولیس کو بیان دیدیا
نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں+ اے ایف پی) بھارت میں ایک زیادتی کا نشانہ بننے والی پولش سیاح خاتون نے نئی دہلی پولیس میں درخواست دی اور اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے بیان میں روانی اور تسلسل نہیں۔ انکے بیان پر یقین نہیں کیا جاسکتا۔ ٹیکسی ڈرائیور زیادتی کے بعد خاتون اور اسکی دو سالہ بیٹی کو ریلوے سٹیشن پر اتار کر فرار ہو گیا تھا۔ 2 جنوری کو خاتون سے زیادتی کی گئی۔ وہ متھرا سے نئی دہلی جا رہی تھی۔ اے پی اے کے مطابق دہلی کو ہر روز 4 زیادتی واقعات کا سامنا ہے۔ دہلی ہولناک زیادتی واقعے کے بعد اپنائے گئے متعدد حفاظتی پیمانوں کے باوجود دہلی خواتین کیلئے خطرناک ترین شہر ہے۔ بھارتی پولیس کی جانب سے جاریکردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق بھارتی دارالحکومت دہلی میں ہر روز 4 زیادتی کے مقدمات درج ہوتے ہیں۔ گزشتہ چار سالوں میں بھارت میں خواتین کیخلاف جرائم میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 2013ء میں دہلی میں 1559 زیادتی مقدمات درج ہوئے جو گزشتہ سال 2012ء سے 130 فیصد زیادہ تھے۔