عمران خان نے نیٹو سپلائی روک کر مرکزی حکومت کو بے بس کر دیا: امریکی اخبار
واشنگٹن (آن لائن) امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے تعلیم یافتہ کروڑ پتی سیاست دان عمران خان نے نیٹو سپلائی موثر انداز میں روک دی ہے اور وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت انہیں باز رکھنے میں بے بس نظر آتی ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی تازہ ترین رپورٹ میں کہاگیا کہ امریکی حکام حالیہ برسوں میں پاکستان کے فوجی سربراہوں اور وزرائے اعظم کو افغانستان میں جاری جنگ کا ساتھ دینے پر قائل کرتے رہے ہیں لیکن اس بار درمیان میں آنے والے ایک صوبے کی حکومت نے معاملات کو معطل کر کے رکھ دیا ہے۔ امریکی ڈرون حملوں پر غم و غصے کے اظہار کے لئے عمران خان نے موثر طور پر نیٹو کارواں روک دیئے ہیں۔ اگرچہ ان کا مرکزی حکومت میں کوئی کردار نہیں ہے لیکن اس صوبے میں ان کی حکومت نے یہ کارروائی کی ہے۔ عمران خان نے حامیوں سے یہ روڈ بند کرنے کے لئے کہا ہے جبکہ نواز شریف کی مرکزی حکومت اس معاملے میں بے بس نظر آتی ہے۔ اگرچہ نواز شریف حکومت اور فوج یہ چاہتے ہیں کہ یہ راستہ کھول دیا جائے لیکن ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ عمران خان کی یہ مہم کامیاب نظر آتی ہے۔