کشمیر میں انتخابات استصواب رائے کے متبادل نہیں ہو سکتے: دفتر خارجہ
اسلام آباد(آن لائن + اے این این) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے۔ کشمیر میں انتخابات استواب رائے کا متبادل نہیں ہوسکتے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیر سے فوجوں کے انخلاء کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ جموں کشمیر متنازعہ علاقہ ہے جس کے حوالے سے اقوام متحدہ کی 20 قراردادیں موجود ہیں۔ اے این این کے مطابق ترجمان نے کہاکہ پاکستان تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکراتی عمل بھارت میں عام انتخابات کے نتیجے میں نئی حکومت کے قیام کے بعد دوبارہ شروع کیا جائیگا۔