کشمیر کی آزادی کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کو تیار ہیں: دینی، سیاسی و کشمیری رہنما
لاہور (خصوصی نامہ نگار)دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃ الدعوۃ سمیت مختلف مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر مظلوم کشمیریوں کو غاصب بھارت سے آزادی دلانے کیلئے ان کی ہر ممکن مدد و حمایت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ نہتے کشمیری بھائیوں پر8 لاکھ بھارتی فوج کی طرف سے ڈھائے جانے والے بدترین مظالم کے خاتمہ کیلئے آخری حد تک جائیں گے، لاکھوں مسلمانوں کے قاتل بھارت سے مظلوم کشمیریوں کو آزادی دلانا پوری مسلم اْمہ پر فرض ہے۔ سید علی گیلانی سمیت پوری کشمیری قیادت کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم ان کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہے، بھارت کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے اور شہداء کی قربانیوں کو فراموش کر کے آلو، پیاز کی تجارت کسی صورت قبول نہیں ہے۔کشمیر ہمارا ہے اور سارے کا سارا ہے اس کی آزادی کیلئے ہم خون کا آخری قطرہ تک بہانے کو تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خاں، دفاع پاکستان کونسل کی مرکزی رابطہ کمیٹی کے کنوینر جنرل (ر) حمید گل، جماعۃ الدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ حافظ عبدالرحمن مکی، جماعت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ حافظ عبدالغفار روپڑی، امیر جماعۃالدعوۃ آزاد کشمیر مولانا عبدالعزیز علوی، مسلم کانفرنس آزادکشمیر کے مرکزی رہنما مولانا محمد شفیع جوش، ہیومن رائٹس فار جسٹس اینڈ پیس کے چیئرمین حافظ محمد مسعود، امیر جماعۃالدعوۃ لاہور مولانا ابو الہاشم، تحریک آزادی جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل حافظ خالد ولید و دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے 18 کروڑ عوام ایک ہی موقف پر متحد ہیں کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔ اسی خاطر کشمیری مسلمان پاکستان کی سب سے پہلی دفاعی لائن کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر پر غاصب بھارت نے قبضہ جما رکھا ہے اور وہاں بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں میں مصروف ہے۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی سے آگاہ کرنے کیلئے پوری دنیا میں موجود اپنے سفارت خانوںکو متحرک کیا جائے۔ بھارت خطہ میں امن چاہتا ہے تو 8 لاکھ فوج کو مقبوضہ کشمیر سے باہر نکالے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے، یوم حق خودارادیت کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ غاصب بھارت کے خلاف جدوجہد میں پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔ جنرل (ر) حمید گل نے کہاکہ 90 فیصد کشمیری پاکستان سے ملنا چاہتے ہیں، مظلوم کشمیریوں سے بے وفائی قوم کسی صورت برداشت نہیں کرے گی،کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی خاموشی افسوسناک ہے۔ حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ کشمیریوں سے ہمارا رشتہ ایمان اور عقیدے کا ہے جو کبھی نہیں ٹوٹے گا۔ حافظ عبدالغفار روپڑی، مولانا عبدالعزیز علوی، مولانا محمد شفیع جوش، حافظ محمد مسعود، مولانا ابو الہاشم، حافظ خالد ولید و دیگر نے کہا کشمیریوں کی اْمنگوں کے برعکس مسلط کردہ کوئی حل قبول نہیں کیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت پر مجرمانہ خاموشی اور نرم رویہ اختیار کرنا درست نہیں۔