نیا مشرقی پاکستان نہیں بننے دینگے، نظام بدلنا چاہتے ہیں: ثروت اعجاز قادری
کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنایا اب ہم جانیں قربان کر کے پاکستان بچائیں گے۔ جب تک پاکستان سنی تحریک ہے انشاء اللہ ہم نیا مشرقی پاکستان نہیں بننے دیں گے۔ اگر طاقت کی زبان کی بات کی جائیگی تو میرے قائد کے سپاہی اپنی جانوں کے نذرانے دینے سے بھی نہیں ڈرتے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی امریکہ اور دیگر ممالک کے ادارے بناتے ہیں۔ آج اس ملک میں آئین توڑنے والے عدالتوں، پاکستان، عوام، پارلیمنٹ اور عدلیہ کو گالی دینے والوں سے قانون ڈرتا ہے اور ان ہی سے مذاکرات کئے جاتے ہیں، ہمارے ادارے اتنے بے بس ہیں کہ دہشتگرد تنظیم نام بدل کر کام کر رہی ہے اس پر کوئی پابندی عائد نہیں۔ ربیع الاوّل کے بعد سنی تحریک مہنگائی اور دہشت گرد تنظیموں کیخلاف اپنے حتمی لائحہ عمل کا اعلان کریگی اور تحریک کا آغاز کیا جائیگا۔ 11 ربیع الاوّل کو بھی ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جائے اور 12 ربیع الاول تک ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔ اس ملک سے طبقاتی نظام کا خاتمہ کرنا ہے۔ تعلیم کو عام کرنا ہے۔ ہم چہرے نہیں نظام بدلنا چاہتے ہیں۔ پاکستان سنی تحریک عوامی تحریک کی 6 جنوری کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ٹی کے تحت نشتر پارک کراچی میں منعقدہ ’’پاکستان بچائو جانثاران مصطفیﷺ کانفرنس‘‘ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ یہ کانفرنس اپنے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال تک ممتاز قادری کا فیصلہ نہ ہوا تو اسکا فیصلہ اب سنی خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو کا کیس، اصغر خان کا کیس ریویو ہوسکتا ہے تو سانحہ نشتر پارک کا کیس کیوں ریویو نہیں ہوسکتا۔ ڈرون حملوں کی ہم بھی مذمت کرتے ہیں اور انکے خلاف ہیں۔ دہشت گردوں کو یہاں سے نکالو تو نیٹو کی فوجیں خود ہی یہاں سے چلی جائیں گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے بے نظیر بھٹو کو شہید، مساجد اور مزارات پر حملے کئے ان کیلئے کل جماعتی کانفرنس بلائی جاتی ہیں جبکہ ہمیں لالی پاپ دیدیا جاتا ہے۔ نوازشریف کے پاس 18 کروڑ عوام کیلئے وقت نہیں چیف جسٹس سانحہ نشتر پارک کا ازخود نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ میلاد النبی کے جلوس پر پابندی قبول نہیں کرینگے۔