وزیراعظم نے کشمیریوں کا سفیربن کر کشمیر کا مسئلہ دنیا بھرمیں اجاگرکیا ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا.وفاقی وزیر امور کشمیر
وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پورنے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ تھی ، ہے اور ہمیشہ رہے گی، وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا، بھارتی آرمی چیف کو بتادینا چاہتے ہیں کہ وہ ہمیں حملے کی دھمکیاں نہ دے، ہم نے بھی اگر کشتیاں جلادیں تو نئی دہلی میں جاکر پاکستان کا جھنڈا لہرائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارجمعرات کو یہاں یکجہتی کشمیرریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیراور پوری دنیا کے لوگوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے اور ان کے ساتھ رہیں گے. وزیراعظم کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے کشمیریوں کا سفیربن کر کشمیر کا مسئلہ دنیا بھرمیں اجاگرکیا ہے، پاکستان کے عوام کشمیریوں کا ساتھ دیتے رہیں گے، بھارتی وزیراعظم مودی کوبھی پیغام دیتے ہیں کہ جذبے اور تلوارکی جنگ میں جیت جذبے کی ہوتی ہے، نہتے کشمیری 9 لاکھ بھارتی فوج کا مقابلہ کرکے اس کا ثبوت دے رہے ہیں کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کو بھی بتادینا چاہتے ہیں کہ وہ ہمیں حملے کی دھمکیاں نہ دے، ہم نے بھی اگر کشتیاں جلا دیں تو نئی دہلی میں جا کر پاکستان کا جھنڈا لہرائیں گے۔