کشمیریوں کے پاکستان کیساتھ رہنے کے موقف کی آج جیت ہو رہی ہے:فردوس عاشق

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کشمیر پر قومی بیانیے کو آگے بڑھا رہے ہیںمودی کی بنیادیں آزادی کے متوالوں نے ہلا دیں۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، کشمیریوں کے پاکستان کیساتھ رہنے کے موقف کی آج جیت ہو رہی ہے، کشمیری عوام نے تحریک آزادی کا سفر نسل در نسل جاری رکھا، مودی سرکار ظلم و جبر سے آزادی کی تحریک دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کشمیریوں کیساتھ ہونیوالی نا انصافیوں، ظلم اور بنیادی حقوق کو روکنے کے عمل کو بے نقاب کرنے میں اپنی ذمہ داری پوری کرے، بھارت میں آر ایس ایس نظریہ تقویت پکڑ رہا ہے، بھارت میں اقلیتوں کو دیوار سے لگانے کی کوششیں جاری ہیں، عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا حق دلائے، ہم کشمیریوں کے جذبوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔