وفاقی کابینہ نے ملک میں شوگر ملز کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کا استحصال کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبوں کو اس معاملے پر اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی ہدایت کر دی۔ کابینہ نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کو مقررہ نرخوں پر ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے ،کابینہ نے پشاور اور اسلام آباد میں دو ججز تقرریوں کے بارے میں چیف جسٹس صاحبان کی سفارشات کی منظوری دے دی ہے جبکہ ادویات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار کی پالیسی وضع کرنے کے بارے میں بھی سمری منظور کر لی گئی ہے ۔منگل کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں کی توثیق کر دی گئی، کابینہ نے مقدمہ بازی اخراجات ایکٹ 2017کی منظوری دے دی ہے ایکٹ یکم مارچ 2018 سے نافذ العمل ہو جائے گا اور سستے اور تیز انصاف کی فراہمی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا ،ایکٹ کے تحت تنازعات کے حل کے لیے متبادل طریقہ کار وضع کیا گیا ہے ۔کابینہ کے اجلاس کے بارے میں جاری اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان اطلاعات کے شعبوں ٹیلیویژن و ریڈیو کے حوالے سے معلومات کے تبادلے عمان کے ساتھ لیبر و تربیت اور تیونس کے ساتھ قانون و انصاف کے شعبوں میں مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اسی طرح مقدمہ بازی اخراجات ایکٹ 2017یکم مارچ 2018سے نافذ العمل ہو جائے گا، کابینہ نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی بینکنگ کورٹ پشاور کے جج محمد نسیم کو پشاور ہائیکورٹ میں دوبارہ تعیناتی اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خواجہ وجیہ الدین جج بینکنگ کورٹ ون پشاور تعینات کرنے کی سفارشات کی منظوری دے دی ہے ،کابینہ نے اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوثر عباس زیدی کو انسداد دہشتگردی اسلام آباد کا خصوصی جج مقرر کرنے کی سفارش بھی منظور کر لی ہے، ادویات کی قیمتوں کے تعین کے بارے میں پالیسی وضع کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے ،پالیسی کے تحت ادویات کی کم سی کم اور زیادہ سے زیادہ قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار وضع کیا جا ئے گا ۔ڈاکٹر شیخ اختر حسین کو چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان مقرر کر دیا گیا ہے ،یہ تقرری تین ماہ کے لیے ہو گی ۔کابینہ نے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کو ہدایت کی ہے کہ اتھارٹی کا مستقل سی ای او کی تقرری کے عمل کو تیز کیا جائے۔ اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے پاکستان سٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اسی طرح انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بہاولپور کے قیام کے لیے ضروری قانون سازی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران ملک بھر کی شوگر ملز کی طرف سے گنے کے کاشتکاروں کی مشکلات میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ نرخوں پر گنے کے کاشتکاروں کو رقوم کی ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ داری ادا کریں ۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024