کشمیریوں سے رشتہ کیا ’’لا الہ الا اللہ‘ حافظ سعید قدم بڑھائو‘‘ کے نعرے‘ عیسائی نمائندے کا بھی خطاب‘ پاکستانی پرچموں کی بہار
لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل کی کشمیر کانفرنس ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سب سے بڑا پروگرام تھا‘ لاہور اور گردونوح سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مقررین کے خطابات کے دوران نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے تذکرہ پر زبردست جذباتی ماحول دیکھنے میں آیا۔
٭حافظ محمد سعید، لیاقت بلوچ، محمد علی درانی و دیگر قائدین کی آمد پر ان کا بھرپور استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
٭ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے‘ تمام شرکاء کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد پنڈال میں جانے کی اجازت دی گئی۔
٭حافظ محمد سعید کے خطاب کے دوران ہزاروں شرکاء نے کھڑے ہوکر کشمیریوںسے رشتہ کیا‘ لاالہ الااللہ اور حافظ محمد سعید قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں‘ کے زوردار نعرے لگائے۔
٭کانفرنس سے عیسائی برادری کے نمائندہ لال ندیم نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ اقلیتوں کو پاکستان میں سب سے زیادہ حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
٭شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے جن کے ایک ساتھ لہرانے سے دلفریب منظر نظر آیا۔
٭سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہاکہ یہ حافظ محمد سعید کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ آج ان کے سیاسی مخالف بھی کشمیر کا نام لینے پر مجبور ہیں۔2018ء میں اسمبلی میں وہ جائے گا جو مرد مجاہد حافظ محمد سعیدکا ساتھ دے گا۔
٭عبدالودود عاصم اور عبدالرئوف حجازی نے کشمیر ہمارا ہے اور سارا کا سارا ہے‘ ترانہ پڑھ کر ماحول گرما دیا۔ اس دوران شرکاء سبز ہلالی پرچم لہراتے رہے۔
٭سوشل میڈیا کی ٹیم دفاع پاکستان کونسل کے تحت کانفرنس کی لمحہ بہ لمحہ کوریج کرتی رہی۔
٭کانفرنس کے اختتام پر دفاع پاکستان کونسل کے کارکنان نے بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے چند منٹ میں کرسیاں اٹھا کرٹریفک کیلئے روڈ کھول دیا۔