متحدہ پاکستان کا پارٹی اجلاس اختلافات کے باعث بدنظمی کا شکار
کراچی(نوائے وقت رپورٹ) متحدہ پاکستان کا پارٹی اجلاس اختلافات کے باعث بدنظمی کا شکار ہوگیا۔ سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان اور رابطہ کمیٹی کے ناراض ارکان بہادر آباد آفس چلے گئے۔ اختلافات سینٹ کی نشستوں اور دیگر پارٹی معاملات پر ہوئے۔ فاروق ستار نے عامر خان سے جھگڑے کے فوراً بعد ہنگامی اجلاس بلالیا، فاروق ستار نے ٹوئیٹر پر ہدایت کی تمام کارکن چیئرمین ، وائس چیئرمین او رکونسلرز پی آئی بی پہنچیں۔ نیٹ نیوز کے مطابق ایم کیو ایم سربراہ کامران ٹیسوری کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کے حامی ہیں اور رابطہ کمیٹی کو اعتراض تھا، اہم میٹنگ میں جھگڑے کے بعد دونوں دھڑوں کے الگ الگ اجلاس ہوئے۔ کامران ٹیسوری ایک بار پھر ایم کیو ایم پاکستان میں تنازع کی وجہ بن گئے۔ سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ نہ دینے پر فاروق ستار اور عامر خان گروپوں میں جھگڑا ہوا، ذرائع کے مطابق سینیٹ الیکشن کیلئے امیدواروں کا چناؤ ایم کیو ایم پاکستان کو تقسیم کر گیا ، رابطہ کمیٹی نے فروغ نسیم، امین الحق، شبیر قائم خانی اور نسرین جلیل کو ٹکٹ دینے کی منظوری دی، نام نکالنے پر کامران ٹیسوری نے فیصلے کو ماننے سے انکار کر دیا۔ فاروق ستار نے بھی کامران ٹیسوری کی حمایت کی جس پر متحدہ سربراہ اور عامر خان گروپ میں جھگڑا ہوا اور رابطہ کمیٹی کے ارکان اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔عامر خان گروپ کے ارکان نے جھگڑے کے بعد بہادر آباد میں اپنا اجلاس کیا جبکہ فاروق ستار کے حامی پی آئی بی مرکز جمع ہو گئے ،فاروق ستار نے کہا عامر خان پارٹی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اس معاملے میں خالد مقبول صدیقی اور کنور نوید جمیل بھی ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔