بھارت تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت نہیں کچل سکا‘ مشال ملک
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ بھارتی افواج تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبے حریت کو کچل نہ سکی، حریت پسند کشمیری اپنے کاز کے ساتھ دل و جان سے جوڑے ہوئے ہیں اور حق خودارادیت کے لئے اقوام عالم کے دروازے کھٹکھٹا رہے ہیں۔ پیر کو اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارتی ظلم و بربریت کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرائی ۔انھوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے کشمیر کو قبرستان بنا لیا ہے جہاں ہماری ساری قیادت نظربند ہے، پانچ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو قتل کیا جا چکا ہے اور ہمارے شہدا کی لاشیں تک ہمیں نہیں دی جاتیں۔ مشال ملک نے کہا کہ بھارتی افواج کشمیریوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بد تر سلوک کر رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کا ہر بچہ نفسیاتی اور جسمانی تشدد کا شکار ہے۔ اس موقع پر مشال کی قیادت میں چائنہ چوک سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی اور ریلی کے شرکا نے بھارت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔