زرداری نے قومی دولت لو ٹی، عمران نے قوم کا مزاج بگاڑنے کی کوشش کی: شہباز شریف
قصور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور میں جدید سی ٹی سکین مشین کا افتتاح کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب کے 5اضلاع میں سی ٹی سکین مشینیں لگائی جا رہی ہیں۔ اب پنجاب میں ڈاکٹرز کی دکانیں نہیں لگی ہوئی ہیں۔ سی ٹی سکین بنانے والی کمپنیاں خود مشین لگائیں گی اور چلائیں گی۔ مریضوں کے سی ٹی سکین بالکل مفت ہوں گے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں 700الٹرا سائونڈ مشین لا رہے ہیں‘ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں بہتر بنائی جا رہی ہیں۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں 54موبائل ہسپتال لا رہے ہیں۔ دو سو رورل ہیلتھ سینٹرز میں الٹرا سائونڈ مشینیں لا رہے ہیں۔ صحت کے شعبے میں نئی سوچ لے کر اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔ زینب کے قتل پر پوری قوم اشکبار تھی۔ زینب کی طرح عاصمہ بھی قوم کی بیٹی ہے۔ ہم نے زیادتی کی شکار بچیوں کے والدین سے معافی مانگی۔ زیادتی کی شکار بچیوں کے والدین سے آنکھیں نہیں ملا سکتا تھا۔ زیادتی و قتل کی شکار بچیوں کے نام سے سکول قائم کریں گے۔ متاثرین سے کہا ہے کہ جس کسی ذمہ دار نے کوتاہی کی‘ کمیٹی کو جاکر بتائیں‘ اسماء کے قاتلوں کو بھی کیفرکردار تک پہنچنا چاہئے۔ عمران نے قوم کا مزاج بگاڑنے کی کوشش کی۔ آصف زرداری نے قوم کی دولت دونوں ہاتھوں سے لوٹی‘ قوم نے موقع دیا تو دنیا کے آخری کونے سے بھی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے۔ پنجاب پولیس نے زینب قتل کیس میں 14دنوں میں تاریخی کام کیا۔ جدید آلات کی مدد سے درندے تک پہنچے۔ جب 1108ڈی این اے ٹیسٹ کئے تو درندہ مل گیا۔ ملزم عمران قانون کی گرفت میں آ چکا‘ کڑی سزائیں دلوائیں گے۔ عدالت عالیہ سے درخواست کریں گے کہ اسے کڑی سے کڑی سزا دیں۔شہباز شریف نے قصور سے واپسی پر بغیر آرام کیے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا اچانک دورہ کیااور ادارے کے دوسرے مرحلے کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے زیر تعمیر انرجی سینٹر اورمسجدکامعائنہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے ڈائلیسز سنٹر کا دورہ کیا اوروہاں موجود طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کو ادارے کے دوسرے مرحلے کے تعمیراتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ دوسرے مرحلے کے تعمیراتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔