اسلام آباد: نقیب کے قتل کیخلاف جرگہ‘ پی پی رہنمائوں پر جوتے، بوتلیں برسا دیں
اسلام آباد (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ماروائے عدالت قتل ہونے والے نوجوان نقیب محسود کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے قبائلیوں کا احتجاجی دھرنا آٹھواں روز بھی جاری رہا۔ پیر کو احتجاجی دھرنا کے شرکاء اور غمزدہ خاندانون سے اظہار یکجہتی کیلئے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیر پائو، پاکستان پیپلز پارٹی و سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری کے بھائی سید صفدر حسین بخاری اور عامر فدا پراچہ، سابق وفاقی وزیر حمید اللہ جان آفریدی، تحریک انصاف کے رہنما ایڈوکیٹ سید اسرار شاہ نے احتجاجی کیمپ میں شرکت کی۔ آفتاب شیر پائو نے کہا کہ کراچی کو پختونوں نے اپنے خون اور پسینے سے آباد کیا لیکن اسکاصلہ ان کو غائب کر کے دیا،نقیب محسود کی شہادت نے پختونوں کو متحد کردیا ہے،قبائلیوںاور پختونوںکو دوسرے درجے کا شہری قرار دینے کا عمل اب ترک کرنا ہوگا،ہزاروں نوجوانوں کو ماروائے عدالت قتل کیا گیا، نقیب کا خون ضرور رنگ لائے گا۔ دھرنے میں مشتعل افراد نے پیپلزپارٹی کے وفد پر جوتے اور بوتلیں پھینک دیں۔ پیپلزپارٹی کے نمائندہ وفد نے عامر فدا پراچہ کی سربراہی میں دھرنے میں شرکت کی اور جیسے ہی وہ تقریر کیلئے سٹیج پر پہنچے تو مشتعل مظاہرین نے ان کی طرف جوتے اور پانی کی بوتلیں پھینکیں تاہم وہ محفوظ رہے اور ان کی زد میں نہیں آئے۔مشتعل مظاہرین کی جانب سے شیم شیم کے نعرے بھی لگائے گئے۔