یوم یکجہتی کشمیر: ابوظہبی‘ سفارتخانے میں تقریب: پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے مظاہرہ
ابوظہبی‘ پیرس (پ ر + صاحبزادہ عتیق) سفارتخانہ پاکستان ابو ظہبی میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کے لیے تقریب کا انعقاد ہوا۔ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ سفیر معظم احمد خان نے صدارت کی۔ صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ طلبا نے تقاریر کیں اور قومی نغمے پیش کئے۔ معظم احمد خان نے کہا پاکستان کشمیر ی عوام کی بنیادی انسانی حقوق پانے کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔ بروشر، پوسٹر، کتابچے بھی تقسیم کئے گئے‘ خصوصی دعا کی گئی۔ پیرس میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایفل ٹاور کے سامنے مظاہرے کا انعقاد کیا گیا ، قیادت بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کی جبکہ صدارت کشمیری رہنما زاہد ہاشمی نے کی۔ مظاہرین نے انڈیا کے خلاف نعرے بازی کی۔ سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے دنیا سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ کشمیر میں استصواب رائے کروایا جائے کشمیری عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل اوربھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔ زاہد ہاشمی‘ پرویز لوسر‘ انصاف میاں ذوالفقار جتالہ‘ راجہ اشفاق حسین‘ چودھری ذوالفقار نگیال‘ چوہدری گلزار لنگڑیال، کامران گھمن، یوسف خان، قاری طاہر عباس، منیر وڑائچ، کامران بٹ، شمروز الہی گھمن، یاسر قدیر، چوہدری طارق ندیم ، ایم کے پرویز چوہدری و دیگر نے شرکت کی۔