اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل میں ہرگز مخلص نہیں، حافظ مقصود احمد
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی )مرکزی جمعیت اہلحدیث واہلحدیث یوتھ فورس اسلام آباد/ راولپنڈی کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث اسلام آباد حافظ مقصود احمد، چیئرمین تحریک المجاہدین شیخ جمیل الرحمن، امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث راولپنڈی مولانا احسن فاروقی ، ڈاکٹر سید طالب الرحمن شاہ، مولانا عبدلرؤف اور دیگر علماء نے کی۔ ریلی کا آغاز آئی نائن فور سے ہوا، زیرو پوائنٹ سے ریلی جب چائنہ چوک پہنچی تو شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ مقصوداحمد نے کہا اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل میں ہرگز مخلص نہیں، کیا وجہ ہے کہ اس کی قرار دادوں سے 1999 ء میں مشرقی تیمور اور 2011 ء میں جنوبی سوڈان کو ریفرنڈم کا حق دیا گیا اور وہاں کے لوگوں کو آزادی مل گئی۔لیکن کشمیر میں حق خودارادیت کی قرار دادیں موجود ہیں مگر انڈیا نے اقوام متحدہ کی قرار دوں کو ردی کی ٹوکری میں ڈال رکھا ہے، انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو انڈیا کے ظلم وستم سے نجات دلانے کے لیے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں وہاں ریفرنڈم کے لیے انڈیا کو مجبور کیا جائے۔تمام مسلم ممالک کو انڈیا کا سفارتی بائیکاٹ کرنا چاہیے یہاں تک کہ وہ کشمیری عوام کو ان کے حقوق دے۔انہوں نے اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کی آزادی اور حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔تحریک المجاہدین کے چیئرمین شیخ جمیل الرحمن نے کہا کہ کشمیر میں حقوق انسانی بری طرح پامال ہو رہے ہیں۔ 70سال سے کشمیری ظلم وستم برداشت کرتے چلے آرہے ہیںنوجوان شہید ہو رہے ہیں،عورتوں کی عصمتیں پامال کی جارہی ہیںبچوں پر تشدد کیا جارہا ہے مگر انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش ہیں۔کشمیری عوام کا جذبۂ جہاد قابل تحسین ہے، ان کی تیسری نسل جوان ہوکر آزادی کا مطالبہ کر رہی ہے جب تک آزادی نہیں ملتی تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ریلی سے مرکزی جمعیت اہلحدیث راولپنڈی کے امیر مولانا احسن فاروقی،مولانا عبدالرؤف نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث اسلام آباد ، سینئر نائب امیر سید طیب الرحمن زیدی،مولانا ابو بکر صدیق حنیف ،ملک اخلاق چیئرمین یو سی 15 ،ڈاکٹر محمد انور، ڈاکٹر عبدالغفار بخاری، قاری عبدالوحید، اہلحدیث یوتھ فورس کے صدر چوہدری محمد عباس الیاس اور کشمیری لیڈر اشتیاق بٹ نے بھی خطاب کیا۔آخر میں یہ قرار داد پیش کردہ قرارداد میں امت مسلمہ سے مطالبہ کیا گیا کہ تما م ممالک انڈیا کا سفارتی اور اقتصادی بائیکاٹ کریں۔